اسلام آباد: (عدیل وڑائچ ) برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق جین میریٹ کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ جین میریٹ پاکستان میں پہلی خاتون ہائی کمشنر ہوں گی، وہ اس سے قبل کینیا میں برطانوی ہائی کمشنز کے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔
واضح رہے کہ جین میریٹ کو ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کے بعد پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے جن کا تبادلہ ایک اور ڈپلومیٹک سروس میں ہوا ہے۔
— Jane Marriott (@JaneMarriottUK) June 15, 2023
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر مقرر ہونے پر خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان ورثے، لوگوں کے مضبوط تعلقات، موسمیاتی تعاون اور بڑھتی ہوئی تجارت کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، دوستی اور دولت مشترکہ کے روابط ایک خوشحال مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے اردو میں لکھا کہ "آپ سے جلد ملاقات ہوگی"۔