اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شمالی وزیرستان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دیسی ساختہ باردوی سرنگ کے دھماکے میں 2 فوجی جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں سپاہی گل رؤف اور سپاہی عابد اللہ شامل ہیں، علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ شہید سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم، حکومت اور فورسز پرعزم ہیں، انشاء اللہ بہت جلد دہشت گردوں اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔