کوئٹہ : ( دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی تنازعہ کے پر امن حل کے لئے بھرپور کردار ادا کرنےکو تیار ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے خضدار کی تحصیل وڈھ میں قبائلی تنازعے کے حل کیلئے جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ فریقین تحمل، برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کرینگے، تنازعات کا باہمی گفت وشنید کے ذریعے حل قبائلی معاشرے کی مضبوط روایات کا حصہ ہے۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ علاقے کے سیاسی قبائلی اور مذہبی عمائدین بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی تنازعہ کے پر امن حل کے لئے بھرپور کردار ادا کرنےکو تیار ہے، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس فریقین کا موقف جاننے اور قبائلی عمائدین کے تعاون کے حصول کے لیے وڈھ میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی تنازعات امن کے قیام میں رکاوٹ بنتے ہیں ، اور تنازعات سے ہمیشہ نقصان فریقین اور علاقے کے لوگوں کا ہوتا ہے، تنازعے کے پر امن حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ سے مسلسل رابطہ میں ہوں اور صورتحال سے آگاہی حاصل کر رہا ہوں۔