عید کے روز بھی فوجی جانباز سرحدوں کی حفاظت پر مامور

Published On 29 June,2023 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) عید کا تہوار ہو یا پھر خوشی کے لمحات، ہمارے جانباز اپنے پیاروں سے دور سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہوتے ہیں۔

عید کے موقع پر اپنے گھر والوں سے دوری کسی بڑی قربانی سے کم نہیں، وطن عزیز کے بہادر بیٹے عید پر بھی سرحدوں کی حفاظت پر تعینات ہیں، پاک فوج کے جوان وطنِ عزیزکے دفاع کیلئے پرعزم اور ہمیشہ کی طرح پاک آرمی کے آفیسرز اور جوان وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

قصور بارڈر پر یونٹ میں فوجی جوانوں نے گھر سے دور عید منائی۔

فوجی جوانوں کا کہنا ہے کہ گھر کی یاد تو آتی ہے مگر وطن کا قرض بھی ادا کرنا ہے، سرحدوں پر موجود ہیں تاکہ ہمارے عوام سکون سے سوئیں، ہماری عید کی خوشیوں اور رونقوں کے ضامن ہماری سرحدوں کے وہ محافظ ہیں جو عید کے موقع پر بھی اپنے چاہنے والوں سے میلوں دور اپنے فرائض کو بخوبی سر انجام دینے میں مصروف عمل ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر فوجی جوانوں اور آفیسرز کا کہنا تھا کہ ’’ہماری طرف سے تمام اہل وطن کو عیدالاضحیٰ مبارک، ہم اپنے ہم وطنوں کی حفاظت کیلئے ہمیشہ یہاں موجود رہیں گے، یہ عید قرباں ہے اور ہماری قربانی یہی ہے کہ ہم اپنے ہم وطنوں کی حفاظت کیلئے اپنی عیدیں قربان کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

فوجی جوانوں کا کہنا تھا کہ ہمارا وطن عزیز سے یہ عہد ہے کہ ہم دفاع وطن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔