نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں ایک سال سے جو واقعات ہوئے پاکستان اس کا متحمل نہیں تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما رانا تنویر نے عید الضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک سب کی عبادات اور قربانی قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ استحکام کی ضرورت ہے، ہمیں پاکستان کی مضبوطی کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا، سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور کے تحت سیاست کریں مگر پاکستان کا استحکام، وقار مقدم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سال سے جو واقعات ہوئے پاکستان اس کا متحمل نہیں تھا، ایک انتشار پسند ٹولے اور اس کی قیادت نے پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کیا۔
رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جو 9 مٸی کو ہوا یہ کھلی ملک دشمنی تھی، انتشار پسند جماعت نے اپنی شرپسندی سے پاکستان کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے غیر مستحکم کیا۔