اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ نہتے فلسطینیوں پر بمباری کرنیوالا ملک انسانی حقوق کی پامالی پر تبصرہ کر رہا ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ اسرائیل پہلے فلسطین پر قابض ہوا، پھر ان کی نسل کشی شروع کر دی، انسانی حقوق کی بدترین پامالی کرنے والا اسرائیل انسانی حقوق کی بات کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو جناح ہاؤس کو آگ لگا دی گئی، شہیدوں کے مجسموں کو ٹھوکریں ماری گئیں، اگر آپ سے پوچھا جائے تو انسانی حقوق کی پامالی ہے؟ 9 مئی کو جرم کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا ملے گی، اتفاق ہے اسرائیل پہلے کبھی نہیں بولا لیکن 9 مئی کے مجرموں کے حق میں بول رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات نے بھی سٹیٹ بینک میں ایک ارب ڈالر منتقل کردیئے:اسحاق ڈار
مصدق ملک نے کہا کہ اسرائیل ان کا دفاع کر رہا ہے جنہوں نے اس ملک میں غدر مچانے کی کوشش کی، اسرائیل مسلمانوں کی نسل کشی اور انسانی حقوق کی بات کرتا ہے، اسرائیل سے زیادہ گھناؤنا انسانی حقوق کی پامالی کا ریکارڈ کسی کا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ناامیدی کے بجائے اب ترقی، انویسٹمنٹ کی بات کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فاٹا کے ضم ہونے کے بعد امن و امان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے امریکا پر اپنی حکومت گرانے کا الزام لگایا، اس شخص کو سب نے امریکی ارکان کانگریس کی منت سماجت کرتے دیکھا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی سے اقتدار پر بٹھایا، شہباز شریف
مصدق ملک نے کہا کہ روس میں 9 مختلف اقسام کے خام تیل ہیں، روس سے معاہدے سے پاکستان کو بے انتہا فائدہ ہو گا، روس سے ابھی ایک لاکھ ٹن تیل لیا ہے، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر اور روپے کے تناسب میں بہتری آئی ہے، آذربائیجان سے بھی پٹرول کے حوالے سے ڈیل کی ہے، ہر سال گیس کے ذخائر 9 فیصد کم ہو رہے ہیں، گیس ذخائر کم ہونے کے باوجود 95 فیصد علاقوں کو گیس مل رہی ہے ، ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ اندھا دھند سبسڈیزدیں۔