ژوب کینٹ میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 9 اہلکار شہید، 5 دہشتگرد ہلاک

Published On 12 July,2023 10:58 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب کینٹ میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی جہنم واصل ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ژوب میں دہشت گردوں نے ایف سی کینٹ پر حملہ کیا، ژوب کینٹ میں جاری کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق صبح سویرے دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ کیا، دہشت گردوں کی تنصیب میں گھسنے کی ابتدائی کوشش کو ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی ترقی کیلئے بحیثیت ادارہ ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، آرمی چیف

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھاری ہتھیاروں سے لیس 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے 9 جوان وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔