ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا

Published On 14 July,2023 05:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے رعنا انصار کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اسمبلی نہیں آ رہے، اپوزیشن لیڈر کو نگران وزیراعلیٰ کا نام طے کرنا ہے۔

اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ جمہوریت کی گاڑی اپوزیشن کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، ہم نے رعنا انصار باجی کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کیا ہے، رعنا انصار باجی اس وقت پارٹی کی پارلیمانی لیڈر بھی ہیں، ہمیں امید ہے شہری و دیہی سندھ کی نمائندگی کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نامزد اپوزیشن لیڈر کی درخواست جمع کرا دی گئی، درخواست پر ایم کیو ایم کے 20 ارکان کے دستخط موجود ہیں، کنور نوید جمیل کے علیل ہونے کے باعث دستخط موجود نہیں، ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں 21 ارکان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جن وعدوں کو پورا کرنے کا کہا تھا پورے نہیں کیے، پیپلز پارٹی کی حلقہ بندیوں کی وجہ سے ہمیں دیوار سے لگایا گیا، مردم شماری میں بھی ہماری آبادی کو جان بوجھ کر کم گنا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ، پیپلزپارٹی میں انتخابی اصلاحات اور نگران سیٹ اپ پر معاملات طے

فاروق ستار نے کہا کہ کےفور منصوبہ 15 سال سے زیرالتوا ہے، دیہی و شہری علاقوں میں پولرائزیشن کو کم کرنا ہوگا، نگران وزیراعلیٰ کے لیے رعنا انصار کو اعتماد میں لینا ہوگا، پیپلز پارٹی نے کراچی کو نظر انداز کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے روایتی ووٹ بینک کو سوچنا ہو گا کہ 15 برسوں میں انہیں کیا ملا؟ شہید بھٹو کا نام لے کر پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو بھی نظر انداز کیا گیا، 15 برسوں میں جس طرح کرپشن ہوئی اب پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک کو بھی سوچنا ہوگا۔