کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں 300 تندور لگائے جائیں گے جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہو گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یواے ای کے قونصل جنرل کا بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینے کا وعدہ خوش آئند ہے، پاکستان کے سوفٹ وئیر ہاؤسز سے متعدد اجلاس کئے ہیں، وہ 5 لاکھ کی ملازمت دینے کو تیار ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا ہے کہ پہلی مرتبہ گورنر سندھ نے آپ کیلئے کرسیاں لگائی ہیں، امید کی گھنٹی، راشن کی تقسیم، آئی ٹی کورس کے ٹیسٹ کے انعقاد سے عوام کی فلاح و بہبود کا ایک اور منصوبہ شروع ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا یہاں آئے ہوئے قونصل جنرلز اور دیگر مہمانان گرامی کا مشکور ہوں، آج ہم سب اس غیر معمولی واقعہ کے عینی شاہد بن گئے ہیں، ویب سائٹ سے رجسٹرڈ ہونے والے دیگر امیدواروں کو ان کے ٹیسٹ کی تاریخ سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔