کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت کا اہم اجلاس پارٹی کے مرکزی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، پارٹی کے چیف آرگنائزر سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی، قومی اسمبلی میں بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر میر خالد خان مگسی، سینیٹر نصیب اللہ بازئی اور سینیٹر محمد عبدالقادر نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں نگران سیٹ اَپ کے قیام پر مشاورت ، پارٹی کے تنظیمی امور پر غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، تمام حلقوں پر پارٹی کے امیدوار کھڑے کیۓ جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا بھی جائزہ لیا جائیگا، ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے جلد پارلیمانی بورڈ قائم کر دیا جائے گا، پارلیمانی بورڈ کے قیام سمیت دیگر پارٹی امور کے جائزہ کے لیے 26 جولائی کو کوئٹہ میں پارٹی اجلاس منعقد کیا جائیگا۔
بی اے پی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، پارٹی کی سینئر قیادت نے پارٹی کے مرکزی صدر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔