فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہم این آر او نہیں دیں گے، پاکستان کا قانون تمہاری طرف متوجہ ہے، تم نے قانون کی دھجیاں اڑائیں جرم کا حساب تمہیں دینا ہو گا۔
موٹروے ایم تھری سے منسلک فیصل آباد ستیانہ بائی پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسعد محمود نے کہا ہے کہ پراجیکٹ کے پیچھے 5 سال کی دلخراش داستان ہے، 2018 کے اندر ملکی سیاست کو تباہ و برباد کیا گیا، ایک انسٹالڈ حکومت پاکستان کو تباہ کرنے کیلئے انسٹالڈ کی گئی تھی، عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا پاکستان کے اتحاد کو کوئی پارہ پارہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمسایہ ممالک کا اعتماد بحال کیا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، ہم نے دوبارہ معاہدہ کیا، پاکستان کو گرے لسٹ سے ہماری حکومت نے نکالا، گزشتہ ساڑھے تین سال میں کسی ایک پراجیکٹ کا افتتاح نہیں کیا گیا، پشاور سے شروع ہونے والی موٹروے کو گوادر تک پہنچا کر دم لیں گے، وزیر اعظم کی سرپرستی میں جس سفر کا آغاز کیا تھا آج اس کے ثمرات اکٹھے کر رہے ہیں۔
اسعد محمود نے کہا ہے کہ آئندہ بھی پاکستان سے محبت کرنے والے حکومت کریں گے، مہنگائی کو گزشتہ حکومت نے پیدا کیا، سیاست کی آڑ میں قوم کو تقسیم اور معیشت کو تباہ کیا گیا، ہمیں اس قوم کو متحد کرنا ہوگا، تحریک انصاف کو اس قوم پر مسلط کیا گیا، پاکستان کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔