کراچی: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سویڈن میں ایک سے زیادہ مرتبہ قرآن پاک کی توہین کی گئی، قرآن پاک کی توہین ہمارے لیے کسی قیمت قابل برداشت نہیں، امت مسلمہ اسے اپنے خلاف اعلان جنگ سمجھتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مسلمان بپھر گئے تو تمہارے اوپر قرہ ارض کو تنگ کر دیں گے، ہم آسمانی کتابوں کی عزت اور احترام کرتے ہیں، مسلمان قرآن پاک کی حفاظت کرنا جانتا ہے، مسلمان قرآن پاک کے ایک ایک حرف کی حفاظت کرنا جانتا ہے، مسلمان خون کا نذرانہ دے کر قرآن پاک کی حفاظت کریں گے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا ہے کہ تمہارے چہرے سے لبرل ازم کا نقاب اٹھ چکا ہے، تم اسلام اور مسلمان کو برداشت نہیں کر سکے، ہم مطالبہ کریں گے کہ تمام مسلم ممالک، مسلم دنیا اپنا سفیر سویڈن سے واپس بلائیں، ہمارے اوپر قرآن پاک، رسول کریمؐ کا حق ہے، تم نے سرخ لکیر کو کراس کیا، ہم مزید ایسی حرکات کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا اسلامی دنیا نے اپنے سفیر نہ بلائے تو احتجاج جمعہ کے روز ہوتا رہے گا، ہم اپنا مطالبہ منوا کر رہیں گے، اسرائیل اور اس کے ایجنٹوں کے خلاف تحریک جاری رہے گی، ہم نے میدان نہیں چھوڑنا، اگر تم نے اپنے ایجنٹوں کو تحفظ دینا ہے تو ان کو اسرائیل بلالو، ہم نے ہتھیار نہیں ڈالے، یہ جنگ آخری کامیابی تک جاری رہے گی۔