دہشتگردوں کو واضح پیغام دیدیا صوبہ کا امن تباہ نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

Published On 26 July,2023 06:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو واضح پیغام دیدیا کہ صوبہ کا امن تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

 

سکیورٹی صورت حال کے حوالے سے وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کی سربراہی میں اجلاس ہوا، اجلاس میں تفصیل کے ساتھ سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی، دہشت گردانہ واقعات کی پُر زور الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ صوبے کے امن کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف سی گاڑی پر حملہ، باڑہ تحصیل پر حملہ میں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے جانوں کی قربانیاں دیں، علی مسجد کا واقعہ بھی افسوس ناک ہے جس میں بہادر جوان عدنان آفریدی کی شہادت ہوئی ہے، پختون قوم نے بہادری اور جوانمردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا ہے۔

عسکری قیادت اور پولیس ایسے واقعات کے روک تھام کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، ایسے واقعات میں بیرونی عناصر کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، دہشت گردوں نے اب مساجد کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، مساجد کو نشانہ بنانے والے مسلمان کہلانے کے بھی قابل نہیں۔

سی ٹی ڈی اور پولیس کو مضبوط کیا جا رہا ہے، پولیس کی استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے، عوام کے تحفظ کے پیش نظر پولیس اسلحہ اور آرمڈ وہیکل فراہم کئے جا رہے ہیں، مساجد کو نشانہ بنانا میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے جو پاکستان کی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں۔

دھماکے کی ویڈیو پولیس اہلکاروں نے بنائی جس کے بارے میں واضح نہیں کہا جاسکتا، اس واقعہ میں تفتیش کا عمل جاری ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔