کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کی رکن اسمبلی رعنا انصار کی بطور سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے رعنا انصار کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کی حمایت کی، تینوں سیاسی جماعتوں کے 39 ارکان اسمبلی نے رعنا انصار کی اپوزیشن لیڈر کیلئے جمع کروائی گئی ریکوزیشن پر دستخط کیے۔
قبل ازیں اپوزیشن اراکین کی اکثریت نے رعنا انصار کو نامزد کیا تھا، ان کی جگہ کوئی اور امیدوار سامنے نہ آنے پر سپیکر سندھ اسمبلی نے ایم کیو ایم کی رکن رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کی سیٹ پر بیٹھنے کی دعوت دی۔
سپیکر آغا سراج درانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رعنا انصار ایوان کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر بننے جا رہی ہیں، امید ہے کہ ایوان کی کارروائی اچھی چلے گی، پراسس مکمل ہو جائے تو نوٹیفکیشن بھی جاری کردیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں پہلی بار خاتون رکن اسمبلی کا قائد حزب اختلاف منتخب ہونا ایک تاریخی موقع ہے، ایم کیو ایم نے ایک بار پھر تاریخ رقم کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک روایت شکن سیاسی جماعت ہے۔