کراچی: (دنیا نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جی ڈی اے رہنما صفدر عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے درمیان مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، ہم بہت سے ایشوز پر پہلے بھی ایک ساتھ چلتے رہے ہیں، گزشتہ ایک سال میں جو صورتحال پیدا ہوئی تو اپوزیشن میں مسائل اٹھے، اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ایسا فیصلہ ہو جو صوبے کی ٹھیک ترجمانی کرے۔
جی ڈی اے رہنما صفدر عباسی نے مزید کہا ہے کہ گورنر صاحب، صدرالدین شاہ سے بات کی اور پیغام پہنچایا کہ ایم کیو ایم اورجی ڈی اے اپوزیشن میں متحرک ہیں، ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد ہم سے زیادہ ہے، پہلے بھی تین چار میٹنگز ہو چکی ہیں، اس وقت لیڈر آف نومینیشن بہت اہم ہے، نگران حکومت اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہو گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایم کیو ایم کے بھائیوں کو ووٹ دے رہے ہیں اور ایم کیو ایم کی رعنا انصار کو سپورٹ کر رہے ہیں، ہمارے تمام ایم پی ایز دستخط کریں گے، جو آج کراچی کا حال ہے ایسا کبھی نہیں ہوا، کراچی سے کشمور تک شہروں کے شہر آباد ہو چکے ہیں، سندھ میں ایک بھرپور مقابلہ ہوگا، پیپلز پارٹی نے شہر کے شہر تباہ کر دیئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جی ڈی اے کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، رعنا انصار کو ایم کیو ایم اور جی ڈی اے مل کر اپوزیشن لیڈر بنانے جا رہے ہیں، صرف اپوزیشن لیڈر بنانے کی یہ بیٹھک نہیں، کہانی اس سے آگے کی ہے، شہری اور دیہی سندھ کی خلیج کو موجودہ حکومت نے بڑھایا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی بیٹھک اس خلیج کو کم کرنے کیلئے ہے، یہ آج کی بات نہیں، ہو سکتا ہے شکلیں مختلف ہوں، 30 سال کا سیاسی منظرنامہ دیکھیں، ایم کیو ایم نے وہ بھی کیا جو واجب نہیں تھا، جام صادق، لیاقت جتوئی،علی محمد مہر کو ووٹ دیکر ایم کیو ایم نے وزیر اعلیٰ بنایا، سندھ میں عام انسان کو دیوار سے لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے سے مقابلے کے بجائے کامپلیمنٹ دیں گے، پیپلز پارٹی نے سندھ کو اپنی جاگیر بنا لیا ہے، اس عمل سے لوگوں کے دلوں میں بد دلی پیدا ہوئی ہے، کراچی سب لوگوں کیلئے شیلٹر کی جگہ ہے، آنے والا وقت متحد سندھ کا ہے، ہاری کسانوں کا ہے۔