وزیر داخلہ، وزیر خارجہ اور سابق صدر کی ورکرز کنونشن میں دھماکے کی مذمت

Published On 30 July,2023 06:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زرداری نے باجوڑ میں ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیر داخلہ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ہم مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو جلد ختم کر کے دم لیں گے، ملک دشمن عناصر افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں دھماکے کی مذمت کی اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں دہشت گردوں کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لائیں، انہوں نے دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آصف علی زرداری نے باجوڑ میں کنونشن میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی اور کارکنوں کی شہادت پر مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت کیا، سابق صدر نے کہا کہ دہشت گرد سب کے دشمن ہیں، سوات کی طرح پورے ملک کو دہشتگردی کی نرسریوں سے پاک کیا جائے۔