باجوڑ دھماکا: مولانا فضل الرحمان کا وزیر اعظم سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ

Published On 30 July,2023 07:13 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں ورکر کنونشن کے دوران دھماکے پر دکھ کا اظہار کیا اور وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے واقعے کی انکوائری کرانے کا مطالبہ کر دیا، فضل الرحمان دبئی کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس روانہ ہو گئے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، جے یو آئی کے کارکنان ہسپتال پہنچ کر خون کے عطیات فراہم کریں اور کارکنان پر امن رہیں، وفاقی و صوبائی حکومت زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرے۔

دوسری جانب دھماکے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، سربراہ جے یو آئی نے وزیر اعظم سے زخمیوں کو باجوڑ سے پشاور لے جانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر باجوڑ سے پشاور ہیلی کاپٹر بھجوانے کے احکامات جاری کر دئیے، مولانا فضل الرحمان نے دھماکے کے بعد فاٹا کے امیر رکن اسمبلی مولانا جمال الدین اور اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے حالات بارے تفصیلات حاصل کیں۔