اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ باجوڑ بم دھماکا ریاست اور جمہوری قوتوں پر حملہ ہے، یہ حملہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے، یہ جہاد نہیں فساد ہے، اس سے پہلے بھی دو درجن سے زیادہ جے یو آئی کے ذمہ دار ٹارگٹ ہو کر شہید ہوئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ باجوڑ جلسے پر حملے کی فوری تحقیقات ریاست کی ذمہ داری ہے، کارکنوں کا مقدس خون اسلام و ملک دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہو گا، پرتشدد واقعات کا مقصد جمعیت علماء اسلام کو پرامن اور آئینی جدوجہد کی راہ سے ہٹانا ہے، جلسے میں مجھے دعوت دی گئی تھی لیکن کچھ ذاتی اہم مصروفیت کی وجہ سے نہ جا سکا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نے کہا ہے کہ یہ جے یو آئی پر نہیں جمہوریت پر حملہ ہے، اس کا جواب آئندہ انتخابات میں دیا جائے گا، شہید و زخمی کارکنوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔