پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، تمام متعلقہ افسران کے ساتھ رابطے میں ہوں، آئی جی صاحب کہہ رہے ہیں کہ خودکش دھماکا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ باجوڑ بم دھماکے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، کوئی مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا، وفاق اور تمام اداروں کو اس پر سوچنا ہوگا، زخمیوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کرتے ہیں، علاج میں کوئی کمی نہیں رہنے دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کے معاملات وفاق اور الیکشن کمیشن دیکھ رہے ہیں، الیکشن ملک کی ضرورت ہیں، ہماری خواہش تھی کہ الیکشن ایک دن پر ہوں، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہو رہی ہے، باجوڑ، تیمرگرہ اور پشاور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کو منتقل کر دیا ہے۔
گورنر حاجی غلام علی نے مزید کہا ہے کہ ہمارا فوکس اس وقت زخمیوں پر ہے، کل پتا کریں گے کہ انتظامیہ نے کیا سکیورٹی فراہم کی تھی، صوبائی اور وفاقی حکومت اور تمام متعلقہ ایجنسیوں کو سوچنا چاہیے کہ دہشت گردی میں کون ملوث ہے اگر معلوم ہے تو کارروائی ہونی چاہیے۔