خیبرپختونخوا: سیاسی وابستگیاں رکھنے والے نگران وزراء اور مشیروں سے استعفے طلب

Published On 10 August,2023 06:43 pm

پشاور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت کے بعد نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی کابینہ کو فارغ کر دیا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان سے کابینہ ارکان نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی، اس دوران نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزراء، معاون خصوصی اور مشیروں سے استعفے طلب کیے، جس کے بعد متعدد وزراء اور مشیروں نے استعفے جمع کرا دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کرانے پر تذبذب کا شکار

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق کابینہ کے 19 ارکان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو استعفے پیش کیے، کابینہ کے باقی ارکان آج شام تک اپنے استعفے جمع کرائیں گے، وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کابینہ ارکان کے استعفوں سمیت سمری کل گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کریں گے۔

مستعفی ہونے والوں میں مسعود شاہ، عبد الحلیم قصوریہ، ارشاد قیصر، محمد علی شاہ، ہدایت اللہ، سلمیٰ بیگم، ریاض انور، پیر ہارون شاہ، شیراز اکرم، ملک مہر الہٰی، حامد شاہ، بخت نواز، حاجی غفران، فضل الہٰی، تاج محمد، حمایت اللہ، ظفر محمود اور رحمت سلام خٹک شامل ہیں۔

واضح رہے نگران کابینہ خیبرپختونخوا میں 14 وزرا، 4 مشیر اور 6 معاونین خصوصی شامل تھے، الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ ہفتے سیاسی وابستگیاں رکھنے والے کابینہ ممبران کو ہٹانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔