ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شاندار آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
آزادی پریڈ کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر تھے، پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل افتخار حسن چودھری، فوجی افسران اور ان کے فیملی ممبران کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام اور افواج ایک تھے ایک ہیں اور ایک رہیں گے: آرمی چیف
آزادی پریڈ کی پروقار تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، تلاوت کلام پاک کے بعد تحریک پاکستان کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناحؒ کا خطاب بھی سنایا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پرچم کشائی کی، اس موقع پر قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، شرکاء نے یک زبان ہو کر قومی ترانہ پڑھا، فضا میں سبز اور سفید رنگ کے غبارے چھوڑے گئے، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، کیڈٹس نے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی، اس دوران آرمی بینڈ کی جانب سے قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئیں۔
کیڈٹس کی جانب سے فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور بچوں نے مل کر ملی نغمہ پڑھا، آزادی پریڈ کے دوران سر زمین پاکستان اور مادر وطن کے شہداء کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔