استحکام پاکستان پارٹی کا پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومت کی ناکامیاں سامنے لانے کا فیصلہ

Published On 15 August,2023 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی بڑی بیٹھک ہوئی جس میں جہانگیر ترین و عبدالعلیم خان نے پارٹی قائدین سے مشاورت کی، بنیادی پارٹی پالیسی پر اتفاق رائے کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکامیاں سامنے لائیں گے۔

کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے بھی عشائیے میں شرکت کی اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ توانائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوکس کریں، بجلی کے بلوں کا ایشو بھی اٹھایا جائے، پارٹی مشاورت مقامی ہوٹل میں عشائیے میں کی گئی، جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان میزبان تھے۔

جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے پارٹی کے نامزد ہونے والے ڈویژنل صدور اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی۔

جہانگیر خان ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں خود کو پیچھے اور پارٹی کو آگے رکھیں گے، انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ عام انتخابات کے لئے سخت محنت کریں، جہاں کسی کو ضرورت ہو گی پارٹی مکمل مدد فراہم کرے گی، نیا پاکستان بنانا خواب تھا اس خواب کو ضرور پورا کریں گے۔

صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے کسی سیاسی جماعت سے الحاق کو خارج از امکان قرار دے دیا اور کہا کہ واضح کرتا ہوں کہ پارٹی ہر حلقے سے خود الیکشن میں حصہ لے گی، دونوں حکومتیں آج ہونے والی تباہی و بربادی کی برابر کی ذمہ دار ہیں، صارفین کو تین سو یونٹ اور چھوٹے کسانوں کو ٹیوب ویل کی بجلی مفت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی اور کو اہل کروا نے کے لئے جہانگیر ترین نے خود کو نااہل کرا کر قربانی دی، اب مکافات عمل ہو رہا ہے۔

پارٹی مشاورت میں عمران اسماعیل، سردار تنویر الیاس اور اسحاق خاکوانی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، محمود مولوی، غازی غلاب جمال، عون چودھری اور نعمان لنگڑیال شریک ہوئے، فیاض الحسن چوہان، نوریز شکور، شعیب صدیقی، میاں خالد محمود، چودھری ظہیر اور سعید نوانی نے بھی شرکت کی۔