اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے جنرل سیکرٹری ملک ساجد محمود نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
ملک ساجد محمود نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال بحران کا شکار ہے، ملک مزاحمتی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، میں 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 2011ء میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی، میں نے پارٹی کے لئے اہم ذمہ داریاں انجام دیں، 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئے، اگر چیئرمین پی ٹی آئی ملوث ہے تو سزا ملنی چاہئے۔
ملک ساجد محمود نے کہا کہ میں اسلام آباد کا تحریک انصاف کا صدر بھی رہا، میری خدمات سب جانتے ہیں، پارٹی کے لئے بہت کچھ کیا تاہم اب مزید تحریک انصاف کے ساتھ نہیں چل سکتا، مجھے گرفتار نہیں کیا گیا اپنی مرضی سے پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی کے کارکن سن لیں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، تحریک انصاف کے ورکرز سے گزارش ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر فیصلہ کریں۔