اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت سے ان کے حالیہ ٹوئیٹ پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں ن لیگی رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ بات ناقابل یقین ہے، اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ صدر مستعفی ہوں، صدر مؤثر انداز میں دفتری کام کرنے میں ناکام رہے ہیں اللہ ہماری مدد کرے۔
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) August 20, 2023
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری امور فائلز کے ذریعہ پایہ تکمیل کو پہنچتے ہیں، عملدرآمد یقینی بنایا جاتا ہے، اس طرح کے بیانات مذاق اڑانے کے مترادف ہیں۔
خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل 2023ء اور پاکستان آرمی ترمیمی بل 2023ء پر دستخط نہیں کیے کیونکہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا۔