لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سیاحت پنجاب اور ٹی ڈی سی پی (ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب) نے سیاحوں کے لئے لاہور میں نئی سائٹ سی انگ بسیں چلا دیں۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات و سیاحت عامر میر نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں چار نئی بسوں کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں سیکرٹری سیاحت آصف بلال لودھی اور مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عثمان علی نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے بھی سائٹ سی انگ بسیں چلائی جائیں گی، مستقبل قریب میں مری، پتریاٹہ اور دیگر تفریحی مقامات پر بھی بسیں چلائیں گے۔
نگران صوبائی وزیر عامر میر نے مزید کہا کہ نئی بسوں کی شمولیت سے پنجاب میں سیاحت کو فروغ اور تاریخی مقامات کی سیر کے لیے سیاحوں کو مزید سہولت ملے گی۔
سیکرٹری سیاحت آصف بلال لودھی نے بتایا کہ دو نئی بسوں میں 35 اور دو میں 29 مسافروں کی گنجائش موجود ہے، بسیں لاہور ٹی ڈی سی پی کے سیلز اور ٹوور پروموشن ونگ کے زیر استعمال ہوں گی۔