لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ جڑانوالہ کی شفاف تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی سپیشل برانچ فیصل علی راجہ ہوں گے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبدالغفار قیصرانی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ انٹرنل سکیورٹی عثمان خالد کو کمیٹی کا ممبرز بنایا گیا ہے، کمیٹی سانحہ کے اسباب اور وجوہات تلاش کر کے رپورٹ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے جڑانوالہ واقعہ کیس ڈی لسٹ کر دیا
کمیٹی وقوعہ کے روز ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لے گی، اس کے علاوہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اپنی سفارشات مرتب کی جائے گی، محکمہ داخلہ کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
دوسری جانب سانحہ جڑانوالہ کے دوران جلاؤ گھیراؤ میں گرجا گھروں، مکانوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی، نقصان کے تخمینہ کی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوائی جائے گی، گرجا گھروں کو جلاؤ گھیراؤ کے دوران 2 کروڑ 91 لاکھ کا نقصان ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اقلیتوں کا تحفظ ہرمسلمان کی ذمہ داری، سمجھوتہ نہیں کرینگے:نگران وزیراعظم
تخمینہ رپورٹ کے مطابق 91 مکانوں کا 3 کروڑ 85 لاکھ 50 ہزار کا نقصان ہوا، گھروں میں فرنیچر، واشنگ مشینز، فریج، ایل سی ڈیز اور الیکٹرانک کا سامان جلایا گیا، عمارتیں جلائے جانے سے سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔