لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انڈس ہسپتال کاہنہ کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انڈس ہسپتال کاہنہ کا تفصیلی دورہ کیا، مختلف وارڈز میں اے سی کی بندش، صفائی کے ناقص انتظامات، بیڈ شیٹس پر خون کے دھبے، واش رومز کی ابتر حالت، پانی کی لیکیج، ڈاکٹرز کی عدم موجودگی، عملے کے ناروا سلوک سے متعلق مریضوں کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے موقع پر ہی سیکرٹری صحت کو فون کیا اور ہسپتال کی صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کیا، عملہ وارڈز میں داخل مریضوں کے ریکارڈ کے بارے میں غلط بیانی کرتا رہا، مریضوں اور تیمارداروں نے ہسپتال عملے کے نا مناسب رویے اور چیک اپ میں بلاجواز تاخیر کے بارے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایمرجنسی، بچہ وارڈ، سرجیکل آرتھوپیڈک، لیب، فارمیسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا، انہوں نے ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اور غلط بیانی پر عملے کی سرزنش کی۔