محدود وقت کیلئے آئے، ایمانداری سے آگے بڑھیں گے: انوار الحق کاکڑ

Published On 22 August,2023 06:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم محدود وقت کے لیے آئے ہیں، ایماندارانہ طرز عمل کے ساتھ آگے بڑھتے نظر آئیں گے۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی، انوار الحق کاکڑ نے مزار قائد پر پھولوں کی چادرچڑھائی، فاتحہ خوانی کی، نگران وزیراعلی جسٹس (ر) مقبول باقر اور کابینہ ارکان بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزار قائد پر حاضری کے دوران مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

اس موقع پر انوار الحق کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپنی کابینہ کے چند ارکان کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دی، نگران حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کو عام کرنا اولین ترجیح ہے، قائداعظم نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی، ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکٹورل پراسس کو مانیٹر کرنے کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے، اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، کوشش ہوگی کہ الیکشن کا انعقاد غیرجانبدارانہ اور آزادانہ ہو۔