لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سخت فیصلے واپس لے ورنہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت ختم ہوگئی ، نگران وزیراعظم نے حلف لیا اور آتے ہی فوراہی پٹرول کی قیمت 20 روپے بڑھادی گئی، جس کی25 ہزارتنخواہ ہواور بل 40ہزار آجائے وہ کیسے گزارہ کرے گا ، 16 اقسام کی ٹیکسز لگاکرکیوں عوام کا خون چوساجارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا بس نہیں چلتا عوام کی سانس پر بھی ٹیکس لگا دے ، ہم ملک بھرمیں ہڑتال کریں گے کہ حکومت سخت فیصلے واپس لیں، پاکستان کایہ حال ہے کبھی ہم ایک ملک سےقرض مانگتےہیں کبھی دوسرے ملک سےقرض مانگتےہیں۔
امیر جماعت اسلامی کاکہنا تھا کہ تشدد کا شکار رضوانہ بیٹی سےملنے گیا،بچی کی والدہ نے بتایاکہ13ہزارتنخواہ پرجج کی بیوی کے حوالےکیا ، رضوانہ بچی کے بازوکودیکھا جو ٹوٹاہوا تھا، بچی کا سرپرہاتھ لگایا اس کے سرپرکیڑے پڑے ہوئےتھے۔
انہوں نے کہاکہ جڑانوالہ گیا، وہاں معصوم لوگوں کے گھرجلائے گئے ، اس وقت ملک میں انصاف نہیں ، نظام درہم برہم ہے ، یہاں ایک جماعت ہےجو سب کے ساتھ کھڑی ہےوہ جماعت اسلامی ہے، یہ لاہورآپ کا ہے، اس لاہورکو وہی مقام دے دیں جوعلی ہجویری نے دیاتھا، یہ شہرچوروں اور ڈاکوں کانہیں ہے،یہ شہرلاہورآپ کاہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ دین کوسمجھناقرآن مجید کےبغیر ممکن نہیں ہے، جس نےمسجد بنائی، سال میں ایک بار عمرہ کرنے چلا گیا ہو وہ سمجھتاہے ہم نےبہت بڑاکام کیا۔
ان کا کہناتھا کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک عدل وانصاف نہ ہو، جماعت اسلامی جوکام کررہی وہ ہی کام تنظیم اسلامی کاکام ہے، جماعت اسلامی اور تنظیم اسلامی کو مل کرکام کرنا ہے ، جہاں ہماری ضرورت ہوگی ہم تنظیم اسلامی کاساتھ دیں گے۔