لاہور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک ہونے کے باعث روٹی اور نان کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں۔
لاہور میں نان بائیوں کی جانب سے من مانی جاری رکھتے ہوئے روٹی 20 روپے اور نان 30 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں، شہر کے 70 فیصد سے زائد تنور نان اور روٹی مہنگی بیچ کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نان کی قیمت 25 اور روٹی کی قیمت 15روپے مقرر ہے۔
شہر بھر میں نان بائیوں نے نان اور روٹی کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ازخود کیا ہوا ہے، ٹمپل روڈ، عابد مارکیٹ، مزنگ، ریگل چوک میں نان روٹی مہنگی بک رہی جبکہ انارکلی، لکشمی، بیڈن روڈ اور اندرون شہر میں بھی روٹی 20 اور نان 30 رپے کا بیچا جا رہا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ فائن آٹے کا تھیلا 3900 روپے سے بڑھا کر 9500 روپےکر دیا گیا ہے نان روٹی سستی کیسے دیں؟، دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی سے ہمارا خون چوسا جا رہا، 2 وقت کی روٹی کی بات پرانی ہو گئی اب ایک وقت کی پوری نہیں ہوتی۔