لاڑکانہ: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں اور اسی کی بنیاد پر ایک بار پھر صوبے میں حکومت بنائیں گے۔
گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی مراد علی شاہ نے کہا کہ 5 سال مدت پوری کرنے پر قیادت کا شکریہ ادا کرنے گڑھی خدا بخش آئے ہیں، 5 سال ہم پر اعتماد کرنے پر سندھ کے عوام کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی حکومت نے ساڑھے 3 سال تک سندھ کو صوبہ ہی تسلیم نہیں کیا، مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت کی، سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے اور اسی کی بنیاد پر ایک بار پھر حکومت بنائیں گے، بلاول بھٹو زرداری ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات 90 روز میں منعقد ہونا ہیں، سی ای سی میں فیصلہ ہوا کہ 90 روز میں انتخابات کے حوالے سے پارٹی کا وفد 29 اگست کو الیکشن کمیشن جائے گا، 29 اگست کی ملاقات کے بعد سی ای سی کا اگلا اجلاس لاہور میں ہوگا جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل منتخب حکومتوں کے پاس ہوتا ہے، نگران حکومت کو قانون کے مطابق دائرہ اختیار ملتا ہے، جب بھی نگران حکومت بنتی ہیں مخالفین گرفتاریوں کی باتیں کرتے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پارٹی سے الحاق یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، پیپلز پارٹی 1970ء سے انتخابات کا تجربہ رکھتی ہے، ملک میں بحران ضرور ہیں جسے ختم کرنے کیلئے ہم نے اپنی سیاست تک داؤ پر لگائی اور سخت فیصلے کیے۔