کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے گجر نالہ کیس میں وزیر اعلیٰ کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لینے سے انکار کر دیا۔
گجرنالہ متاثرین بحالی کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ توہین عدالت نوٹس پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچے، اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
دوران سماعت عدالت نے حکم دیا کہ ایک مہینے میں تمام متاثرین کو چیک دیے جائیں اور ابتدائی رپورٹ 15 دن میں عدالت کے سامنے پیش کی جائے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ عدالت کے اکاؤنٹ میں 462 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہے جو سندھ کے عوام کی ہے، اگر سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع رقم سندھ حکومت واپس چاہتی ہے توعدالت میں درخواست دائر کرے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک مہینے کیلئے ملتوی کر دی۔