جہانیاں: (دنیا نیوز) بل ادائیگی کے باوجود بجلی بحال نہ ہوئی تو گھریلو حالات سے تنگ 4 بچوں کی ماں نے خودکشی کرلی۔
افسوسناک واقعہ ضلع خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں پیش آیا جہاں بل ادائیگی کے باوجود بجلی بحال نہ ہونے پر گھریلو حالات سے تنگ آکر 4 بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔
شوہر قاسم کا کہنا ہے کہ بل ادائیگی کے بعد گھر میں راشن کیلئے پیسے نہ تھےاور بچے 2 روز سے بھوکے تھے، چار بچوں کا باپ ہوں اور 4 سو روپے دیہاڑی پر مزدوری کرتا ہوں۔
10 ہزار روپے بجلی کا بل آیا تو گھر کی اشیاء فروخت کیں اور قرض لیکر بل ادا کیا، میپکو اہلکاروں نے بجلی بحال نہ کی گھر آیا تو بیوی حمنہ بجلی کی بندش اور بھوکے بچوں کی وجہ سے پریشان تھی۔
قاسم کا کہنا تھا کہ گھر سے کام پر گیا تو بیوی نے حالات سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھا لیں جسے تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔