کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کی تقرری کیخلاف دائر درخواست کو مسترد کر دیا۔
جسٹس یوسف علی سعید نے دائر درخواست پر دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، درخواست گزار نے اپنی درخواست کی خود پیروی کی، درخواست گزار نے آئین کےآرٹیکل 207 کو اپنی درخواست کی بنیاد بنایا، درخواست گزار کے مطابق اس آرٹیکل کے مطابق کوئی بھی سرکاری افسر ریٹائرمنٹ کے دوسال تک کوئی منافع بخش عہدہ قبول نہیں کرسکتا۔
درخواست گزار کے مطابق یہ عہدہ وفاقی یا صوبائی سطح کا ہو سکتا ہے، اس آرٹیکل کے مطابق ریٹائرڈ سرکاری افسر دو سال تک چیف الیکشن کمشنر، لاء کمیشن کا چیئرمین یا ممبرنہیں بن سکتا، اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین یا ممبر بھی نہیں بن سکتا۔
عدالت نے تحریری فیصلہ میں کہا مذکورہ آرٹیکل کا مفہوم مکمل طور پر نہیں سمجھ سکے، یہ آرٹیکل نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پرلاگو نہیں ہوتا، عدالت نے کہا درخواست گزار کی درخواست کو ابتدائی سماعت پر مسترد کیا جاتا ہے۔