لندن: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے، آرمی چیف نے آئی ٹی سیکٹر اور زرعی سیکٹر میں بہت دلچسپی لی۔
لندن میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف نے یقینی بنایا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو، انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونا بہت بڑا المیہ ہے، مطالبہ کرتا ہوں کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید نہ کی جائے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کے الیکٹرک کو ٹیک اوور کر لے، پاکستان میں مسئلہ انتخابات نہیں بلکہ عوام کے مسائل ہیں، گورنر سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات کی تصدیق کر دی، انہوں نے کہا چار بھائیوں میں بھی اختلافات ہو جاتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم کے تین دھڑوں کو اکٹھا کیا، شہباز شریف کے ساتھ رابطے میں ہوں، جو بگاڑ چیئرمین پی ٹی آئی نے چھوڑا اس کو ٹھیک کرنا ہے۔