اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے جنہیں میڈیا میں سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹ کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے 31 اگست کو اسلام آباد میں صحافیوں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سوال کیا گیا کہ کیا بجلی کے بلوں کا معاملہ ایسا ہے جس سے ملک میں کوئی بھونچال آ گیا ہو یا انارکی پھیل گئی ہو، وزیراعظم نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ملک کے اندر انارکی کی صورتحال ہے، وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ نان ایشو ہے، وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ بجلی کے بلوں کے مسئلہ سے لوگ پریشان نہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بتایا کہ مسئلہ پیدا کیسے ہوا، اس کے حل کی طرف جا رہے ہیں، جن لوگوں پر ذمہ داری آتی ہے وہ بھی الیکشن کے ماحول کی وجہ سے اسے استعمال کر رہے ہیں، وزیراعظم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ لوگوں کی تکالیف ناجائز ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ کچھ ذمہ دار صحافیوں نے بھی تصدیق کی کہ وزیراعظم نے ایسا نہیں کہا کہ یہ مسئلہ سنجیدہ نہیں، وزیراعظم نے کہا تھا کہ عالمی اداروں کے ساتھ کمٹمنٹ ہے، کیے گئے وعدوں کو متاثر کیے بغیر کوئی حل نکالیں گے۔