جی پی ای آئی سٹریٹیجی کمیٹی کا دورہ پاکستان، نگران وزیر صحت سے ملاقات

Published On 03 September,2023 01:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جی پی ای آئی سٹریٹیجی کمیٹی کے سربراہ ایڈن او لیری نے دورہ پاکستان کے موقع پر نگران وزیر صحت ندیم جان سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں جنیوا سے آئی ہوئی سٹریٹیجی کمیٹی کے سربراہ ایڈن او لیری نے نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھتے ہیں، پولیو کا خاتمہ میرے دل کی آواز ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، ہائی رسک ایریاز کیلئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے حکومت، عالمی شراکت داروں اور ڈونرز کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، ہمارے پاس ضائع کرنے کا کوئی وقت نہیں ہے۔

ایڈن او لیری کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام میں تعاون جاری رکھیں گے اور پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔