کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں چپ تعزیے کا پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
کراچی میں چپ تعزیے کا مرکزی جلوس آج صبح نشتر پارک سے برآمد ہوا جس سے قبل نشتر پارک میں الوداعی مجلس منعقد ہوئی، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات رہی جبکہ گلیاں اور سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی گئی تھیں، چپ تعزیہ کے جلوس کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔
جلوس کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں چپ تعزیے کا دوسرا جلوس دوپہر 1 بجے رضویہ چورنگی ناظم آباد سے برآمد ہوگا، جلوس لسبیلہ سے تین ہٹی اور سینٹرل جیل سے ہوتا ہوا مارٹن روڈ امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے جلوسوں کے باعث متبادل روٹس کا اعلان کر دیا ہے، نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ناظم آباد نمبر 7 سے آنے والی ٹریفک لیاقت آباد 10 نمبر کو موڑ دی جائے گی۔
واٹر پمپ سے کریم آباد فلائی اوور دوپہر ایک بجے ٹریفک کیلئے بند ہو جائے گا، جبکہ سندھی ہوٹل سے ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، اسی طرح دوپہر ایک بجے کے بعد ٹریفک گرومند سے بنوری ٹاؤن سگنل، نیو ایم اے جناح روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، اس دوران گرین اور اورنج لائن سروس بند رہے گی۔