لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مہنگائی، بجلی بلوں سے ستائے ہوئے لوگوں کو کسی بھی صورت میں ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پارٹی سیاسی و معاشی محاذ پر استحکام دینے آئی ہے، عوام اس وقت مہنگائی، بجلی بلوں کے ستائے ہوئے ہیں، عوام کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم نے سیلاب متاثرین کی بھی دادرسی کی تھی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چونیاں اور پاکپتن میں استحکام پارٹی نے دو جلسے کئے، استحکام پاکستان پارٹی عوام کے لئے ہراول دستہ ثابت ہوگی، جھنگ میں 13 اکتوبر کو عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے، جھنگ میں استحکام پاکستان سیکرٹریٹ کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔
ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا سیاست کا میدان اس وقت سجنے جارہا ہے، استحکام پاکستان پارٹی بھی عوامی میدان میں اپنی پنجہ آزمائی کرے گی، خودکش بمبار، ڈالر، ڈرگ مافیا کے تانے، بانے غیرملکیوں کے ساتھ جاکر جڑتے ہیں، ایپکس کمیٹی میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہیں۔