اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی اگلے انتخابات سے قبل مقبوضہ کشمیر کے زیادہ تر معدنی ذخائر کو بیچنا چاہتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا کہ مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے، رائٹرز نے بھارتی سرکار کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ریاسی میں رواں سال بڑے پیمانے پر لیتھیئم ذخائر دریافت ہوئے تھے، مقبوضہ کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیئم کے ذخائر دنیا کے ساتویں بڑے ذخائر ہیں۔
مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے وسائل ان کی مرضی کے بغیر استعمال کر رہا ہے، بھارت کشمیریوں کا نہ صرف خون بہا رہا ہے بلکہ کشمیریوں کے وسائل پر بھی قابض ہے، عالمی دنیا بھارت کو پاپند کرے کہ کشمیریوں کے وسائل پر کشمیریوں کو حق دیں۔