ہم ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں: مرتضیٰ سولنگی

Published On 05 October,2023 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں ’خطے میں امن، سلامتی اور اس سے آگے: پاکستان کا کردار‘ کے موضوع پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کو بھول کر ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا، ہمیں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنا ہوگا۔

نگران وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ ہم ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، جنوری سے اب تک 24 خودکش حملے ہوئے جن میں 14 افغانی تھے، موجودہ حکومت کی پوری توجہ معیشت کی بحالی اور تجارت کے فروغ پرہے، ہمیں معیشت کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دینا ہے، ہمارے چین کے ساتھ گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں، ہم دیگر ہمسایوں کے ساتھ بھی اپنے تعلقات کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ افغانستان کے ساتھ مختلف مسائل ہیں مگر ہمیں آگے بڑھنا ہے، ہم اپنا جغرافیہ اور اپنے ہمسایوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، تنازعات سے نکلنا ہمارے مفاد میں ہوگا۔