لاہور : (ویب ڈیسک ) معذوری بھی علم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکی ، معذور طالب علم نعمان بشیر نے سپیشل ایجوکیشن بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحان میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔
پیدائشی طور پر ٹانگوں سے معذور طالب علم نعمان بشیر 8 سال سے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول حافظ آباد میں زیر تعلیم ہے۔
نعمان بشیر نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 1100 میں سے 758 نمبر حاصل کرکے صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جس پرصوبائی سیکرٹری سپیشل ایجو کیشن پنجاب صائمہ سعید اور یونیسف کے نمائندے نے نعمان بشیر اور ٹیچر عاصمہ بتول کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور میڈل سے نوازا ۔
اس موقع پر نعمان بشیر نے بتایا کہ وہ سکول سے واپس آکر اپنے والد کے ساتھ جوتے بنانے کا کام کرتا ہے تاکہ اپنی پڑھائی کے اخراجات پورے کر سکے۔
ہونہار طالبعلم کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنے کا خواہشمند ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نام بلند کر ے۔