اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما برجیس طاہر نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی ملکی سیاسی تاریخ کا بڑا پروگرام ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما برجیس طاہر نے آزاد کشمیر کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک، آزادکشمیر، گلگت بلتستان سے لاکھوں افراد اپنے محبوب قائد کا استقبال کریں گے، مسلم لیگ ن کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا پروگرام انشاء اللہ 21 اکتوبر کو ہوگا، مریم نواز کی قیادت میں پورا پاکستان اس وقت نوازشریف کے استقبال کے لئے تیار ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شرکاء کی سہولت کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں، نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان اور کشمیریوں کے لئے نئے دور کا آغاز ہے، نوازشریف کشمیریوں کے محسن ہیں۔
راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا 21 اکتوبر کو آزاد کشمیر کے ہر گاؤں، محلے اور وارڈ سے لوگ لاہور پہنچیں گے، آزادکشمیر کے لوگوں میں قائد مسلم لیگ ن کے استقبال کے لئے زبردست جوش و خروش ہے۔