بشکیک: (دنیا نیوز) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سی پیک علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایس سی او میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، ایران کو مکمل ممبر کے طور پر ایس سی او میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او فورم معاشی چیلنجز سے نمٹنے، معیشت کی بحالی اور امن کے لئے اہم کردارادا کر رہا ہے، اس کے ممبران کان کنی، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سی پیک علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس منصوبے سے ایس سی او ممالک کے روابط کو فروغ ملے گا، ہمیں ہر میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔