ہم سے ٹیکس نہیں جزیہ وصول کیا جاتا ہے: خالد مقبول صدیقی

Published On 28 October,2023 09:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سربراہ ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے ٹیکس نہیں جزیہ وصول کیا جاتا ہے۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ لیاقت آباد کی عوام سے دل کا حال معلوم کرنے کیلئے اتوار کو یہاں میدان سجے گا، آپ کی آنکھوں میں تعصب کی سیاست کا عینک نہیں لگا تو ایم کیو ایم کے دور کا کراچی اور آج کا کراچی دیکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریلی شوق سے نہیں اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے نکال رہے ہیں: خالد مقبول

خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ کیا 2008ء کا کراچی ایسا تھا جیسا آج کا ہے، سندھ کے متعصب نسل پرست حکمرانوں کو اس بات کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی کہ تاریخ انہیں کیا کہے گی، کراچی ہزاروں ارب روپے ٹیکس دیتا ہے، اعداد و شمار نکالیں اور دیکھیں پاکستان کے دیگر شہر کتنا ٹیکس دیتے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو پہلے کراچی کو بچانا ہوگا، ہم مایوس اہلیان کراچی کو یقین دلانے آئے ہیں، پاکستان ہمارے اجداد کی امانت اور ہماری کمزوری ہے، ہم شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے، سندھ کو متحد رکھنے کے لئے اپنے حصے سے کئی گنا قربانی دی، اب قربانی دینے کی کسی اور کی باری ہے۔