پبلک سروس کمیشن نتائج: متحدہ کا شکایات کے ازالے کیلئے ہنگامی سیل کے قیام کا فیصلہ

Published On 23 October,2023 08:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے پبلک سروس کمیشن کے نتائج بارے شکایات کے ازالے کیلئے ہنگامی سیل کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے نتائج کے حوالے سےعوامی شکایات پرتشویش کااظہار کیا گیا، کراچی اور حیدرآباد کے امیدواروں کی ٹیسٹ میں کامیابی کے باوجود انٹرویو نہ ہونا متعصبانہ عمل قرار دیا گیا۔

ترجمان ایم کیوایم نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کیلئے بہادر آباد آفس میں ہنگامی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، عوامی شکایات سیل میں سرکاری نوکریوں خصوصاً سندھ پبلک سروس کمیشن سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے ماہرین موجود ہوں گے، پبلک سروس کمیشن سے متعلق شکایات پرجلد رابطہ کمیٹی پریس کانفرنس میں حقائق سامنےلائیگی۔

ترجمان نے کہا تمام شکایات بمعہ ثبوت وشواہد کے ساتھ ایم کیو ایم کا وفد وزیراعلی سندھ سے بھی ملاقات کرے گا۔