اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) پاکستان نے غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئےعام شہریوں کے مزید قتل عام کو روکنے کے لیے غیر مشروط جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ غزہ کے لوگوں کے خلاف جنگی جرائم کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے، یہ عام شہریوں کو مزید قتل عام سے بچانے کے لیے غیر مشروط جنگ بندی کی فوری ضرورت پر بھی زور دیتا ہے۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) November 1, 2023
ترجمان نے کہا کہ ہم عالمی برادری خصوصاً اسرائیل کے حامیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ حملوں کو روکنے، غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کی راہداریوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ غزہ کے محصور لوگوں کو بلا تعطل امدادی سامان فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔