مظفر آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن قریب آ رہے ہیں اور سیاسی درجہ حرارت بڑھے گا۔
اپنے ایک بیان میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی بہترین انداز میں منظم ہے اور بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لے گی، استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کو لیڈ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور ٹریک پر لانے کیلئے سخت اقدامات کرنے ہوں گے، منافع خوری، ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت ایکشن نا گزیر ہے، بین الاقوامی سطح کی 5 سے زائد سیاحتی کمپنیاں آزاد کشمیر میں درجن سے زائد آؤٹ لٹ کھولنا چاہتی تھیں۔
سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر بینک میں کرپشن کی انتہا ہے، آزاد جموں کشمیر بینک میں 120 سے زائد تقرریاں خلاف قانون تھیں جو کہ قابل گرفت ہیں، آزاد کشمیر کے اندر موجودہ حکومت آٹا مل مالکان کو مشکلات کی طرف دھکیل رہی ہے۔