لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہدف تنقید بنائے جانے کے بعد سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا ردعمل بھی سامنے آ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ 16 ماہ کی حکومت میں اپنی وزارت کی کارکردگی کا دفاع نہایت فخر کے ساتھ کر سکتے ہیں، 16 ماہ میں پی ٹی آئی حکومت میں مفلوج کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا گیا، ملک میں متعدد نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ صوبہ سندھ کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور فنڈنگ کی گئی، تھر کوئلے کا منصوبہ جس کا بلاول زرداری نے کریڈٹ لیا وہ کاغذوں میں گھوم رہا تھا، پیپلز پارٹی کے تین ادوار میں اس پر کوئی قابلِ ذکر عمل نہیں ہو سکا، مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر تھر کو سی پیک منصوبوں میں شامل کیا گیا، تبھی یہ خواب حقیقت بن سکا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے: بلاول بھٹو
سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ قومی منصوبہ ہونے کی وجہ سے اس کو قومی جذبہ کے تحت صوبائی حکومت کے اشتراک سے آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کیا گیا، اچھا ہوتا اگر بلاول بھٹو زرداری تھر منصوبہ کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کے تعاون کا بھی ذکر کر دیتے، میں ادب سے کہوں گا کہ ہمیں طعنوں کی سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کیلئے لاہور میں مشکلات ہیں اس لیے انہیں دوسرے صوبوں پر فوکس کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، میاں صاحب اکا دکا سیٹوں کیلئے تکلیف اٹھا رہے ہیں، بہتر ہے کہ پنجاب پر فوکس کریں، وفاق اور صوبے میں حکومت اور اداروں کا ساتھ ہونے کے باوجود (ن) لیگ ضمنی الیکشن سے بھاگتی رہی تھی۔
سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میں اپنی 15 مہینے کی کارکردگی کے بعد الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہوں، کیا شہباز شریف اور دیگر رہنما بھی تیار ہیں یا اپنا منہ چھپا رہے ہیں؟، مسلم لیگ (ن) اپنے بل بوتے پر سیاست کرے، پیپلزپارٹی کی کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں ہے، آج بھی ایک فیلڈ بنائی جا رہی ہے لیکن پیپلزپارٹی ہر پچ پر الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہے۔
بلاول بھٹو ذرداری نے میرا نام لیکر کہا ہے کہ کیا میں 16 ماہ کی حکومت میں اپنی وزارت کی کارکردگی کا دفاع کر سکتا ہوں تو عرض ہے کہ میں نہایت فخر کیساتھ ایسا کر سکتا ہوں۔ اس دوران پاکستان کی وہ ترقیاتی منصوبے جنہیں عمران حکومت بیمار کر گئی تھی انہیں دوبارہ چالو کیا گیا، ملک کے لئے…
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) November 14, 2023