کراچی پر 30 ہزار کروڑ خرچ کئے، کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا: مصطفیٰ کمال

Published On 15 November,2023 11:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی پر میرے ہاتھوں 30 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوئے، میرا مخالف بھی مجھ پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کی 75 سال کی تاریخ میں ہر الیکشن میں لوگ وعدے کرتے ہیں، جو وعدے ہم سے کیے جاتے ہیں کبھی پورے نہیں ہوئے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا چاند پر جا رہی ہے، کراچی میں معصوم بچے گٹر میں گر کر مر رہے ہیں، ہم وہ لوگ نہیں جنہوں نے کبھی اسمبلی نہیں دیکھی، میں آج سے 23 سال قبل اس شہرکا ایم پی اے بنا، میں میئر کے عہدے پر بھی رہا اور سینیٹر بھی رہا۔

انہوں نے کہا کہ 22 ہزار ارب روپے 15 برسوں میں سندھ پر خرچ کیےگئے، دنیا کے بد ترین چار شہروں میں آج کراچی کا شمار ہوتا ہے، میرے دور میں یہ شہر دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں ہوتا تھا، کراچی کا کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں میرے ہاتھوں کام نہ ہوا ہو۔